ڈرگ کوئین انمول پنکی کے 7 قریبی ساتھیوں نام سامنے آگئے
پولیس نے ڈرگ کوئین کے نام سے مشہور ملزمہ انمول عرف پنکی کے مزید 7 قریبی ساتھیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں مفرور قرار دے دیا، ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں انمول عرف پنکی کیخلاف درج منشیات کے مقدمے کی سماعت کے دوران پولیس نے نئی تفتیشی رپورٹ جمع کرا دی، رپورٹ میں ایسے انکشافات سامنے آئے ہیں جنہوں نے کیس کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق منشیات فروشی کے نیٹ ورک کی تحقیقات کے دوران انمول پنکی کے مزید سات قریبی ساتھیوں کے نام سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد مبینہ طور پر نیٹ ورک کے مختلف معاملات میں کردار ادا کرتے رہے ہیں اور اس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہنچ سے باہر ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کو رواں سال 12 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا، دورانِ تفتیش ملزمہ کی نشاندہی پر اس کے تین اہم سہولت کاروں، ذیشان، سہیل اور سمیر کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:موٹروے پر مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
پولیس حکام کے مطابق کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور مفرور ملزمان، جن میں خواتین بھی شامل ہیں،ان کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔