پاکستانیوں کیلئے خصوصی سولر سکیم کی تیاری
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایک منفرد اسکیم پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اب شہری اپنے گاؤں کی زمین پر سولر سسٹم لگا کر اس کا بجلی کریڈٹ شہروں میں موجود اپنے گھروں یا فلیٹس میں حاصل کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :عالمی منڈی میں تیل مہنگا، قیمتیں نئی بلند سطح پر پہنچ گئیں
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ کے صدر عثمان شوکت نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے ایک ایسی انقلابی اسکیم تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جس کے تحت ملک میں باقاعدہ سولر وہیلنگ پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا سب سے بڑا فائدہ ان لوگوں کو ہوگا جو شہروں میں فلیٹس یا ایسے گھروں میں رہتے ہیں، جہاں چھت پر جگہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ سولر پینل نہیں لگا سکتے۔
عثمان شوکت نے کہا کہ اب ایسے شہری اپنی گاؤں کی زمین پر سولر پلانٹ لگا کر اس سے پیدا ہونے والی بجلی کا کریڈٹ (نیٹ میٹرنگ کے ذریعے) اپنے شہر کے فلیٹ کے بجلی بل میں ایڈجسٹ کروا سکیں گے۔
صدر آر سی سی آئی نے مزید کہا کہ سولر وہیلنگ پالیسی دنیا کے تمام بڑے اور ترقی یافتہ شہروں میں ایک مروجہ اور اہم ترین سہولت ہے، جہاں زمین کی کمی کا سامنا کرنے والے طبقے کو اس کے ذریعے ریلیف دیا جاتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں اس جدید سہولت کا باقاعدہ آغاز ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف نیشنل گریڈ پر بوجھ کم ہوگا بلکہ صارفین کے مہنگے بجلی کے بلوں میں بھی واضح کمی آئے گی۔