گلگت بلتستان انتخابات: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات میں ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا ہے، گلگت بلتستان کی 24 نشستوں پر مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں ہیں۔
جی بی اسمبلی کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز نے 23، مسلم لیگ (ن) نے 22 امیدوار میدان میں اتارے ہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے 9، اسلامی تحریک پاکستان کے 10 امیدوار انتخابی دنگل میں اترے ہیں۔
مجلس وحدت المسلمین کے 7 اور استحکام پاکستان پارٹی کے 15 امیدوار جبکہ پاکستان نظریاتی پارٹی کے 10 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
گلگت بلتستان میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 3 ہزار 772 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 55 ہزار 708 ہے، صوبے میں 1391 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 349 پولنگ سٹیشن حساس اور 551 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دیامر، ن لیگ امیدوار کے حامیوں کی گاڑی پر فائرنگ
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور شفاف، آزادانہ و پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا جمہوری حق استعمال کر سکیں۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی ہدایت پر الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت پولنگ اسٹیشنز کے اندر موبائل فون اور تصاویر یا ویڈیوز ریکارڈ کرنے والے کسی بھی آلے کو ساتھ لے جانے پر پابندی عائد رہی۔