دیامر: ن لیگ امیدوار کے حامیوں کی گاڑی پر فائرنگ

Gilgit Baltistan Elections 2026
فائل فوٹو
Updated | Published June, 6 2026 |
دیامر:(ویب ڈیسک) گلگت بلتستان کے انتخابی حلقے جی بی اے 17 داریل میں عام انتخابات سے ایک روز قبل کشیدگی بڑھ گئی، مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد زمان کے حامیوں کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔

واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ سیاسی حلقوں میں بھی اس واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ داریل کے علاقے ڈوڈشال میں پیش آیا، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر محمد زمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خوش قسمتی سے فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم یہ واقعہ انتخابی ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

ڈاکٹر محمد زمان نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ وہ علاقے میں پُرامن، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ فائرنگ کے واقعے کے پیچھے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد نسیم کا ہاتھ ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک سرکاری سطح پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کمشیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند

انہوں نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

دوسری جانب ضلع دیامر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے۔