مظفر آباد میں دفعہ 144 نافذ،سیکیورٹی ہائی الرٹ

Muzaffarabad Section 144
فائل فوٹو
Updated | Published June, 7 2026 |
مظفر آباد:(ویب ڈیسک) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں امن و امان کی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

انتظامیہ کے فیصلے کے بعد شہر بھر میں چار یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد عوامی امن و سلامتی کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد آزاد کشمیر بھر میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ مظفر آباد سمیت مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی 9 جون کی احتجاجی کال کے تناظر میں آزاد کشمیر بھر میں انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے، جس کے باعث شہریوں، کاروباری حلقوں اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اگرچہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے لاک ڈاؤن کی اپیل کی گئی تھی، تاہم بیشتر علاقوں میں معمولاتِ زندگی جاری رہے۔ البتہ پونچھ کے بعض بازار بند رہے جبکہ مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سولر پینلز کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کا اضافہ

پولیس حکام کے مطابق ایکشن کمیٹی کے متعدد رہنماؤں کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ادھر مظفر آباد میں گزشتہ رات پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

سیاسی سطح پر بھی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ وادی کی تازہ صورتحال پر غور کے لیے اہم مشاورتی اجلاس طلب کیے گئے ہیں۔