خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 4 خوارج جہنم واصل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو مختلف کارروائیاں کیں جن میں 4 خوارج ہلاک ہوئے، ہلاک خوارج کا تعلق بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الخوارج سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران 2 خوارج مارے گئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ مہمند ضلع میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 2 خوارج ہلاک ہوئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، مارے گئے خوارج متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری ہے، پاکستان سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پاکستان کے امن کیخلاف ہونیوالی ہر سازش کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے: صدرِ مملکت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار خوارج دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے، پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں: وزیراعظم
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کا دہشتگردوں کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان
محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے پرعزم ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
قوم کو سکیورٹی فورسز کے جری سپوتوں پر ناز ہے: وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور 4 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، قوم کے بہادر بیٹے جرات کےساتھ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا خاتمہ کر رہے ہیں، قوم کو سکیورٹی فورسز کے جری سپوتوں پر ناز ہے۔