کھڑی بس سے وین ٹکرا گئی، 16 مسافر جاںبحق، 8 زخمی
حادثے نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی جبکہ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب راولپنڈی سے دیر جانے والی ہائی ایس وین تیز رفتاری یا مبینہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث سڑک کنارے کھڑی بس سے جا ٹکرائی، تصادم اتنا شدید تھا کہ کئی افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کراچی سے بونیر جا رہی تھی اور سڑک کے کنارے کھڑی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وین ڈرائیور کی لاپروائی حادثے کی بڑی وجہ بن سکتی ہے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں کم ہو گئیں، نیا نوٹیفکیشن جاری
اس المناک حادثے نے ایک بار پھر سڑکوں پر احتیاطی تدابیر اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت کو اجاگر کر دیا ہے۔
شہری حلقوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہوں پر حفاظت کے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔