نئی جامعات اور کیمپس بنانے پر پابندی عائد
فائل فوٹو
April, 20 2026
(ویب ڈیسک): ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر میں نئی یونیورسٹیوں اور سب کیمپسز کے قیام پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور سرکاری جامعات و ڈگری دینے والے اداروں کے سربراہان کو جاری کردہ تفصیلی نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ تحصیل سطح پر سب کیمپسز کے قیام پر فوری طور پر پابندی ہوگی۔
یہ فیصلہ ایک جامع جائزے کے بعد کیا گیا جس میں معلوم ہوا کہ زیادہ تر تحصیل سطح کے کیمپسز نہ صرف کمزور ڈھانچے کے حامل ہیں بلکہ تعلیمی لحاظ سے بھی پائیدار نہیں ہیں۔ کمیشن کے مطابق ان کیمپسز میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی کمی، طلبہ کی کم تعداد اور بنیادی تعلیمی، تکنیکی اور رہائشی سہولیات کا فقدان پایا جاتا ہے۔
کمیشن نے مزید کہا کہ ایسے کیمپسز کمزور انتظامیہ، تعلیمی تنہائی اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔ اسی لیے کسی بھی غیر منظور شدہ ادارے یا کیمپس کو این او
سی، ایکریڈیٹیشن، منظوری یا ڈگری کی تصدیق نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: تمام اسکولوں کے لیے نئی ہدایات جاری
تحصیل سطح کے کیمپسز سے متعلق تمام زیر التوا منصوبے معطل کر دیے گئے ہیں، اور جامعات کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے منصوبوں کے لیے داخلے، اشتہارات، بھرتیوں، زمین کی خریداری،یا
تعمیراتی سرگرمیاں شروع نہ کریں۔ صوبائی یا ادارہ جاتی سطح پر دی گئی کسی بھی منظوری کو کمیشن کی پیشگی اجازت کے بغیر غیر مؤثر تصور کیا جائے گا۔
مزید برآں، زیر غور تمام کیمپسز کو بھی روک دیا گیا ہے اور انہیں دوبارہ جائزے کے عمل سے گزارا جائے گا۔ غیر منظور شدہ کیمپسز سے جاری کردہ ڈگریاں تسلیم نہیں کی جائیں گی جس سے وہاں زیر تعلیم طلبہ کے لیے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں وائس چانسلرز، ریکٹرز، رجسٹرارز اور متعلقہ حکام ذمہ دار ہوں گے۔ عدم تعمیل پر تعلیمی پروگرامز کی معطلی، منظوری کی منسوخی اور اداروں کی غیر تسلیم شدگی سمیت سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ اقدام پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام میں معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پالیسی تبدیلی ہے جس کا مقصد تیز رفتار توسیع کے بجائے تعلیمی معیار اور ساکھ کو بحال کرنا ہے۔
ضرور پڑھیں
ایم جی کی مشہور گاڑی آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کرنے کا سنہری موقع
June, 4 2026
سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری، آج پھر مہنگا ہو گیا
June, 4 2026
چالیس ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان
June, 3 2026
پنجاب: کاروبار کے اوقات دوبارہ تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
June, 3 2026