غیرملکی وفود کی آمد، ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند
اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ریڈزون اور توسیعی ریڈزون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ریڈزون اور توسیعی ریڈزون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔

ایڈوائزری کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گا،سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جا سکتی ہے، اسلام آباد میں کسی بھی جانب یا کسی بھی شاہراہ سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ہیوی ٹریفک مالکان سے گزارش ہے کہ ان دنوں میں دقت سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی طرف ہرگز سفر نہ کریں، اسلام آباد کے رہائشی مختلف سڑکیں بند ہونے کی صورت میں ذیل متبادل ٹریفک پلان پر عمل درآمد کریں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جی5، جی 6 اور جی 7 ، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے 9th ایونیو استعمال کریں، فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے جانے والی ٹریفک 9th ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی۔

اسی طرح زیروپوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو استعمال کرتے ہوئے اسٹیڈیم روڈ کے ذریعے مری روڈ چاندنی چوک سے راول روڈ استعمال کرتے ہوئے کورال جا سکتے ہیں، پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک ترامڑی چوک کی طرف موڑ دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران سے مذاکرات کیلئے میرے نمائندے کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، ٹرمپ

ٹریفک پولیس کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے شہری کورنگ روڈ،بنی گالہ،لہتراڑ روڈ استعمال کریں، راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والے شہری کرنل شیرخان روڈسے فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو میں سے کوئی بھی شاہراہ استعمال کریں۔

جی ٹی روڈ پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج ، چک بیلی روڈ سے روات جی ٹی روڈ استعمال کریں، جی ٹی روڈ لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک جی ٹی روڈ روات سے چک بیلی روڈسے چکری انٹر چینج استعمال کرتے ہوئے براستہ موٹروے ٹیکسلا کی جانب سفر کریں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا وٹس ایپ چینل فالو کریں یا اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور آئی ٹی پی FM 92.4 سنتے رہیں۔