سعودی عرب پر ایرانی حملے امن کوششوں کیلئے نقصادہ ہیں: کورکمانڈر کانفرنس
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے تنازع کے حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنو نیوز) کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے تنازع کے حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی، فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہیں۔

ترجمان کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لئے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج ، عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سکیورٹی کے حوالے سے کامیابیوں کو مزید مستحکم،معاشی استحکام کو مضبوط اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنا نے میں گامزن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریاض، الجُبیل تیل تنصیب میں خوفناک آگ لگ گئی

کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد پراکسی عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین سمیت، بلا امتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیے جائیں گے۔

شرکائے کانفرنس کا کہنا تھا کہ آپریشن غضب لِلحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو فیصلہ کن طور پر مکمل ختم نہ کر دیا جائے ۔

فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومت کی بھرپور کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان متحمل مذاکرات ، کشیدگی میں کمی اور اصولی سفارتکاری کیلئے پرعزم ہے، ایک ذمہ دار اسٹیک ہولڈر کے طور پر پاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے طور پر فعال ریجنل سکیورٹی سٹیبلائزر کا کردار ادا کر رہا ہے۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور تشویش کا اظہار کیا۔

اس کو بھی پڑھیں: ایران کا سعودی آئل تنصیبات پر حملہ، پاسداران انقلاب کی تردید

کانفرنس میں کہا گیا کہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں، ایران کے سعودی عرب پر حملے پُرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود اب تک جس تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا، اس سے ثالِثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی۔

کورکمانڈر ز کانفرنس میں کہا گیا کہ اس نوعیت کے حملے اور بلاجواز جارحیتیں ،جاری پرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہیں۔

فورم نے بھارت کی جانب سے منسوب مسلسل گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کے بیانیے کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: ایران نے جنگ بندی کی امریکی تجاویز پر جواب پاکستان کو بھجوا دیا

کانفرنس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اموات چھپانےاور جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس ، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی، چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔