ریاض: الجُبیل تیل تنصیب پر خوفناک آگ لگ گئی
Saudi oil facility fire
فائل فوٹو
ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے مشرقی صنعتی شہر الجُبیل میں واقع ایک اہم تیل تنصیب پر اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور فضا میں گھنے سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ اس قدر شدید ہے کہ اس کے شعلے میلوں دور سے دیکھے جا سکتے ہیں، واقعے کی جاری کردہ ویڈیوز میں بلند شعلے اور دھوئیں کے بادل واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، تاہم آگ لگنے کی ابتدائی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آسکی، ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ کسی حملے کے بعد پیش آیا۔

سعودی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے مشرقی علاقے کی جانب فائر کیے گئے سات بیلسٹک میزائلوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کر دیا، ان میزائلوں کا ملبہ ایک توانائی سے متعلق تنصیب پر گرا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق متاثرہ مقام پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، نقصانات کا مکمل اندازہ لگایا جا رہا ہے جبکہ تاحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کو ایک رات میں تباہ کر دینگے، شاید وہ رات کل ہو: ڈونلڈ ٹرمپ

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے، جس کے عالمی توانائی کی صورتحال پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔