ایران کو ایک رات میں تباہ کر دینگے، شاید وہ رات کل ہو: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کو دھمکی آمیز پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو ایک رات میں تباہ کر دیں گے، شاید وہ رات کل منگل کی ہو۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کو دھمکی آمیز پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو ایک رات میں تباہ کر دیں گے، شاید وہ رات کل منگل کی ہو۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیل کے لئے امریکی تجاویز بہت اہم ہیں، منگل کی ڈیڈلائن حتمی ہے، ایک رات میں ایران کو تباہ و برباد کر دیں گے اور وہ رات شایدکل ہو سکتی ہے، ہمارا مؤقف واضح ہے ایران کےپاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی رات ایران کی سرزمین سے امریکی پائلٹ کو ریسکیو کیا، امریکا نے تاریخ کا اہم آپریشن انجام دیا، ایک پائلٹ کو واپس لانے کے لئے 200 فوجیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، امریکی فوجی ایران کے اندر گئے اور پائلٹ کو واپس لائے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے ایران کی سرزمین سے پائلٹ کو دن کی روشنی میں ریسکیو کیا، میں نے امریکی فوج کو ایران میں آپریشن کا حکم دیا، پہلے ریسکیو آپریشن میں 21 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں دوسرے آپریشن میں 155 طیاروں نے حصہ لیا، ان 155 طیاروں میں 4 بمبار طیارے، 64 فائٹر طیارے، 48 ری فیولنگ ٹینکرز اور 13 ریسکیو ایئرکرافٹ شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے اہم شرط عائد کر دی

ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ کی تلاش کے لیے ہمارے طیارے ایران کے اندر تک گئے، ایران میں مشن کے دوران امریکی فوجیوں کو انتہائی قریب سے فائرنگ کا سامنا بھی ہوا، آپریشن بہت خوب تھا ریسکیو آپریشن میں کوئی اہلکار تک زخمی نہیں ہوا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کسی کے پاس ایسا اسلحہ اور ٹیکنالوجی نہیں جو امریکا کے پاس ہے، ہم نے ایران میں رجیم تبدیل کر دی ہے، قاسم سلیمانی کو ہم نے مارا ورنہ وہ امریکا کے پانچ اڈوں کو تباہ کر دیتا، بدھ تک آبنائے ہرمز کو نہ کھولا گیا تو ایران کے پاور پلانٹ پر حملہ کریں گے۔ 

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران معاہدہ کر لے ورنہ سب کچھ تباہ ہو جائے گا، ایران میں ایٹمی پلانٹ، پاور پلانٹ اور پلوں سمیت کچھ نہیں بچے گا۔