ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے اہم شرط عائد کر دی
ایران
ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے حالیہ نقصان کے ازالے کی شرط عائد کی/ فائل فوٹو
تہران:(ویب ڈیسک) ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے حالیہ نقصان کے ازالے کی شرط عائد کر دی۔

ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے واضح شرط عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقصانات کے ازالے تک گزرگاہ بحال نہیں کی جائے گی، ایرانی صدر دفتر کے مطابق معاوضہ ملنے کے بعد ہی پیش رفت ممکن ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی مزید حساس ہوگئی ہے، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی بندش کے ردعمل میں سول انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی ہے، جس پر ایرانی حکام نے سخت ردعمل دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکیوں کیساتھ گالی بھی دیدی

دوسری جانب کشیدہ حالات کے باوجود جاپان سے منسلک ایک تجارتی جہاز محفوظ انداز میں آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے، جاپانی شپنگ کمپنی کے مطابق مائع پیٹرولیم گیس لے جانے والا ٹینکر گرین سانوی بغیر کسی نقصان کے محفوظ پانیوں تک پہنچ گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ جہاز کا عملہ اور سامان مکمل طور پر محفوظ ہے جبکہ اس پیش رفت کو عالمی توانائی ترسیل کیلئے مثبت اشارہ قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی تیل کی ترسیل کا بڑا حصہ گزرتا ہے، ماہرین کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی عالمی منڈیوں پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔