ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکیوں کیساتھ گالی بھی دیدی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات کر رہے ہیں اور امید ہے آج معاہدہ ہوجائے گا، اگر انہوں نے جلد معاہد ہ نہ کیا تو میں سب کچھ تباہ کرنے اور تیل پرقبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران کیساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے قوی امکانات موجود ہیں، آبنائے ہرمز کو کھولنے یا شدید بمباری کے خطرے کے تناظر میں مذاکرات جاری ہیں، اگر ایران فوری طور پر معاہدہ نہیں کرتا تو میں سب کچھ تباہ کرنے اور تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے وہ لوگ جو ان سے رابطے میں ہیں اور ڈیل چاہتے ہیں انہیں نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

قبل ازیں ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں سخت بیان جاری کیا اور نازیباالفاظ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ آبنائے ہرمز کھول دو ورنہ تم جہنم جیسی صورتحال میں زندگی گزارو گے، منگل ایران کیلئے پاور پلانٹ ڈے اور بریج ڈے ہوگا، اگر آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو تم جہنم میں دھکیل دئیے جاؤ گے، یہ پاگل لوگ جہنم میں رہیں گے، آپ ایران میں پل اور پاور پلانٹس تباہ ہوتے دیکھیں گے ،بس دیکھتے جاؤ۔ رات گئے ایک بارامریکی صدر نے دھمکی دی کہ مشرق وسطیٰ تنازع ہفتوں میں نہیں دنوں میں ختم ہونا چاہئے، اگر معاہدہ نہ ہوا تو بہت کم چھوڑ کر پورے ایران کو تباہ کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران 48 گھنٹے میں ڈیل کرلے ورنہ قیامت ٹوٹ پڑے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی زمینی فوج کا جانا ضروری نہیں لیکن یہ خارج از امکان بھی نہیں ہے، آج معاہدہ ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی ہوسکتا۔ امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ امریکا نے رواں برس ایران میں احتجاج کو ہوا دینے اور پْر تشدد بنانے کیلئے حکومت مخالف ایرانی مظاہرین کیلئے کردوں کے ذریعے اسلحہ بھیجا تھا، میرا خیال ہے کہ وہ گنیں کردوں نے خود رکھ لیں۔ انہوں نے ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں منگل کو حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا وقت منگل رات 8 بجے ایسٹرن ٹائم ہے۔ ایران میں رات 3:30 بجے کا وقت ہوگا جبکہ پاکستانی وقت بدھ کی صبح 5 بجے ہوگا۔

پاکستان میں ایرانی سفارتخانے نے امریکی صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا۔ ایرانی سفارتخانے نے کہا کہ غیرمتوازن روئیے کی وجہ سے ٹرمپ اس اعلیٰ عہدے کی ذمہ داریاں نبھانے کے اہل نہیں ہیں، نااہلی کی بنیاد پر مواخذے کے ذریعے ٹرمپ کو عہدے سے ہٹایا جائے ۔امریکی کانگریس اور کابینہ 25ویں آئینی ترمیم نافذ نہ کر کے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے ٹرمپ کو کہا کہ آپ کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات امریکا کو ایک زندہ جہنم میں دھکیل رہے ہیں اور اس سے پورا خطہ جل جائے گا کیونکہ آپ نیتن یاہو کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کا واحد حقیقی حل ایرانی عوام کے حقوق کا احترام اور اس خطرناک کھیل کا خاتمہ ہے۔