محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
موسم کا احوال بتانے والوں نے یکم سے چار اپریل کے دوران ملک بھر میں موسلادھار بارشوں اور گرج چمک کی پیشگوئی کر دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) موسم کا احوال بتانے والوں نے یکم سے چار اپریل کے دوران ملک بھر میں موسلادھار بارشوں اور گرج چمک کی پیشگوئی کر دی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے، این ای او سی موسمیاتی خطرات اور قدرتی آفات کے حوالے سے 6 ماہ قبل پیشگی انتباہ جاری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، این ای او سی نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کو درپیش موسمیاتی خطرات کے حوالے سے بھی پیشگی الرٹ جاری کر رہا ہے۔

حکام کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں اور آندھی جھکڑ کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں جاری مسلسل بارشوں کے باعث گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، طوفانی بارش، دیواریں، درخت گرنے سے 19 جاں بحق

اسی طرح بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان سمیت چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوا ل، گوجرخان،گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد،سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین اور لاہور اور میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں آندھی جھکڑاور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے دیگر اضلاع خوشاب، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، بہاولپور، بوریوالا، ملتان، ڈی جی خان، نارووال، چنیوٹ، ننکانہ صاحب، پاکپتن اور ساہیوال میں بھی بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، وزیرستان اور لکی مروت میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، گھانچے، نگر، غذر، خرمنگ، شغر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی،پونچھ،کوٹلی، میر پور بھمبر اور وادی نیلم میں بھی بادل برسیں گے۔

اس کو بھی پڑھیں: تیز بارش اور شدید برفباری، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، چمن، کوہلو، ڈکی اور ہرنائی جبکہ سندھ کے اضلاع کراچی سمیت ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ، حیدر آباداور میر پورخاص کے علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث بارشوں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں جاری ہے جبکہ اپریل کے پہلے عشرے تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا امکان ہے، شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں اورملحقہ علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ جبکہ نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

پہاڑی ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ شہری علاقوں میں بھی اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ڈی جی خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، دیر، سوات، وزیرستان اور چارسدہ میں سیلابی صورتحال کا اندیشہ ہے، کوئٹہ، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، زیارت اور سبی کے علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔

پنجاب میں ڈی جی خان اور کوہ سلیمان رینج کے برساتی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ جبکہ راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، گجرات، لاہور اور ملتان کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے جبکہ شہروں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نکاسی آب کی مشینری کی دستیابی اور پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی دیکھیں: پی ڈی ایم اے کا صوبہ بھر میں بارشوں کا نیا الرٹ

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے لہذا مسافر احتیاط کریں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے لہذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں، سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں، عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ"پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ"سے بروقت معلومات حاصل کریں۔