تفصیلات کے مطابق پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ملک بھر کے نوجوان انجینئرز کو عملی اور صنعتی مہارت فراہم کرنے کے لیے گریجویٹ انجینئر ٹرینی پروگرام کے دوسرے بیچ کی قرعہ اندازی مکمل کرلی۔ اس پروگرام کے تحت ملک بھر سے انجینئرنگ کے 1,700 نئے گریجویٹس کو 6 ماہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
پی ای سی حکام نے بتایا کہ پروگرام کے لیے کل 5,300 امیدواروں نے آن لائن درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے 3,982 امیدواروں کو اسکریننگ کے بعد شارٹ لسٹ کیا گیا۔ حتمی انتخاب کے لیے مکمل طور پر شفاف ڈیجیٹل ڈرا کا استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے 1,700 انجینئرز کا انتخاب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا 6 سال بعد لندن کیلئے فضائی آپریشن بحال
300 نشستیں خاص طور پر صوبہ بلوچستان سے فارغ التحصیل ہونے والوں کے لیے مختص کی گئی تھیں، جو مکمل طور پر پُر ہو چکی ہیں، جبکہ باقی 1400 امیدواروں کا انتخاب دوسرے صوبوں اور وفاقی علاقوں سے کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے اعلان کیا ہے کہ ہر منتخب گریجویٹ کو تربیت کے دوران ماہانہ 50,000 روپے وظیفہ دیا جائے گا، یہ پروگرام نوجوان انجینئرز کو صنعتی مہارت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے ملک بھر میں سرکاری اور نجی اداروں کے ساتھ شراکت داری قائم کی گئی ہے تاکہ ملک میں ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دے کر صنعتی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔