پی آئی اے کا 6 سال بعد لندن کیلئے فضائی آپریشن بحال
قومی ایئر لائن پی آئی اے کا 6 سال بعد لندن کے لیے فضائی آپریشن بحال ہو گیا، پی آئی اے کی پہلی پرواز پی 325 مسافروں کے ساتھ اسلام آباد سے لندن روانہ ہو گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) قومی ایئر لائن پی آئی اے کا 6 سال بعد لندن کے لیے فضائی آپریشن بحال ہو گیا، پی آئی اے کی پہلی پرواز پی 325 مسافروں کے ساتھ اسلام آباد سے لندن روانہ ہو گئی۔

اسلام ایئر پورٹ پر پرواز کی روانگی سے قبل ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پی آئی اے کنسورشیئم کے چیئرمین عارف حبیب اور ہوابازی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، پی ائی اے کی پرواز کو سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الوداع کیا۔

افتتاحی پرواز کی تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے 660 سی سی گاڑی بھی ایک خوش نصیب مسافر کے نام نکالی گئی جبکہ دیگر مسافروں کو بھی تحائف پیش کئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ڈیفنس نے کہا کہ یہ پرواز دونوں ملکوں اور لوگوں کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی جبکہ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پی آئی اے کو لندن آپریشن پر مبارک باد دی۔

تقریب کے مہمانان گرامی کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا کینیڈا اور برطانیہ کی ریل سروسز کیساتھ تاریخی اشتراک

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ پی آئی اے برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو براہ راست سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے، پی آئی اے 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے بھی ہفتہ وار پرواز کا آغاز کر رہی ہے۔

پی آئی اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے پاکستان اور لندن کے مابین ابتدائی طور پر 4 ہفتہ وار پروازیں چلائے گی جس میں 3 اسلام آباد کیلئے اور ایک لاہور کیلئے اپریٹ ہوں گی،لندن پی آئی اے کی پہلی بین اقوامی منزل تھی اور پی آئی اے کا اس روٹ سے 71 سال پرانا رشتہ ہے۔