پنجاب : پی ڈی ایم اے کا صوبہ بھر میں بارشوں کا نیا الرٹ
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 17مارچ سے 20 مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گوجرانوالہ میں بارشیں متوقع ہیں۔

اسی طرح حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ میں بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ 18 اور 19 مارچ کے دوران بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یارخان میں بھی بادل برسیں گے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کسان اپنے تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں،سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے عیدالفطر سے قبل اور عید کی چھٹیوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر سے قبل بارشیں؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک نیا موسمی نظام آئندہ دو روز میں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، اس نظام کے اثرات سب سے پہلے شمالی اور بالائی علاقوں میں ظاہر ہوں گے جہاں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے، بعد ازاں یہ سلسلہ بتدریج ملک کے دیگر علاقوں تک بھی پھیل سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے اس نئے سلسلے سے موسم میں خنکی بڑھے گی اور گرمی کی شدت میں وقتی طور پر کمی آ سکتی ہے، تاہم بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث درخت گرنے اور بجلی کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ 

ضرور پڑھیں