حکومت کا ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور
وزیراعظم شہباز شریف کی آج شام صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات متوقع ہے،ملاقات میں ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور کیا جائے گا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی آج شام صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات متوقع ہے،ملاقات میں ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور کیا جائے گا۔

ایوان صدر میں ہونے والی اس متوقع ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی بھی شرکت کا امکان ہے جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی ملاقات میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں خطے میں بڑھتی کشیدہ صورتحال پر بات چیت ہو گی جبکہ صدر مملکت کو ملک میں ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی، ملاقات میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں پاکستان کی ثالثِی کی پیشکش پر بھی بات چیت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت نے استعفی دے دیا

دوسری جانب کفایت شعاری سے متعلق حکومت سندھ کی جانب سے بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں،سندھ کابینہ نے تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ جمعہ کے روز ورک فرام ہوم ہوگا ۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ایندھن کی کمی پر قابو پانے کے لئے وفاق جو بھی فیصلے کرے گا ہم لبیک کہیں گے، جب حالات مکمل طور پر قابو میں نہیں آتے تب تک اقدامات کرتے رہیں گے،وفاق نے لاک ڈاوُن کا فیصلہ کیا تو سندھ حکومت بھی عمل کرے گی۔