رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی جانب سے شمولیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر برائے امور کشمیر و بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر رانا غلام قادر اور سابق سینٹر چودھری تنویر نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے تحریک انصاف چھوڑ کر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں شمولیتیں جاری ہیں، ن لیگ میں بڑی تعداد میں الیکٹیبلز آرہے ہیں ، نواز شریف کی قیادت میں لوگ شامل ہو رہے ہیں، لوگ جانتے ہیں ہم مستقبل میں بھی کام کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیر جاکر لوگوں کا جذبہ دیکھا، لوگ دیکھ رہے ہیں نواز شریف کشمیر کا وکیل ہے ، نواز شریف نے کہا کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی میں شامل کرنا چاہیے، کشمیر کے لوگ سوچ رہے ہیں نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ ہماری بہتر نمائندگی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ن لیگ میں شامل
انہوں نے کہا کہ جس سڑک سے جاتا ہوں منصوبہ پوچھتا ہوں یہی بتایا جاتا ہے ن لیگ نے کیا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احترام کرتے ہیں ، ہم نے ان کے ساتھ مذاکرات کیے کشمیر کی بہتری کے لئے جو اقدامات ہوسکے کرنے کی بات کی، ہماری ایک کمیٹی کی 5 سے 6 میٹنگز ہوئیں، جو کام ہوچکا ہے اس کی بات کرنی چاہیے، 192 لوگوں پر جو 177 مقدمات تھے واپس لیے گئے۔
انجینئر امیر مقام کا کہنا تھاکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہر بات کا خیال رکھا گیا اور عملدرآمد یقینی بنایا گیا، جو لوگ مارے گئے ان کے خاندان کو معاوضہ دیا اور خاندان کو نوکری دی، منگلہ ڈیم کی اپریزنگ پر کام ہو رہا ہے ، شہباز شریف نے صحت کارڈ پورے کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی نافذ کر دیا ہے، ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینوں کی پی سی ون اور فنڈ پر کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی فنڈ میں 10 ارب روپے کی بات ہوئی، اس کی منظوری کے لئے پلاننگ میں معاملہ بھی دیا ہے، کشمیر میں کابینہ کا حجم بیس کر دیا، کشمیر میں سیکرٹریز کی تعداد بھی بیس ہے، مہاجرین کی سیٹوں پر بات کے لئے کمیٹی بنائی، اس میں کشمیر اور وفاقی حکومت کی نمائندگی ہے، ہم نے اس کمیٹی کی تین میٹنگز بلائیں لیکن جوائنٹ ایکشن کمیٹی والے آئے نہیں، سٹینڈنگ کمیٹی کے سربراہوں پر اعتراض کرنا کوئی وجہ نہیں بنتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میرپور ہوائی اڈے پر کام میں تیزی آئی ہے، تعلیمی اداروں میں داخلہ میرٹ پر ہو رہا ہے، دھرنوں اور مظاہروں کے تمام لوگوں کو رہا کردیا ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے آٹے کی ڈیمانڈ پر بھی کام ہو رہا ہے ، اسکول ، اسپتال اور ہوٹل پر 5 کلو واٹ ٹیرف ایک جیسا کر دیا گیا ہے، اے جے کے بینک کے لئے دس ارب روپے کر دیے گئے ہیں۔
اس کو بھی پڑھیں: فی خاندان 10ہزار کی تقسیم کے حوالے سے اہم اعلان
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا عملدرآمد نہیں ہو رہا غلط بات ہے، ہم سب کشمیری عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، پانچ دانش اسکول کشمیر میں بنائے جا رہے ہیں ، یہ کسی کمیٹی کی جانب سے نہیں مانگا گیا، کشمیر کے لئے دانش یونیورسٹی پر کام ہو رہا ہے ، ہم کہتے ہیں کشمیر میں ایکسپریس وے ہونی چاہیے ، میر پور تک ایکسپریس وے کی بنیاد رکھی جائے گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سے زیادہ کشمیریوں کے مسائل کا کسی کو ادراک نہیں ہے، احتجاج اور راستہ بلاک کرنے سے کشمیریوں کو کچھ حاصل نہیں ہو گا ، کشمیریوں کو کچھ ملنا ہے تو مذاکرات سے ملنا ہے، کشمیر حکومت سے اختلافات اپنی جگہ لیکن کشمیریوں کی فلاح کے لئے ہم ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کو جتنا دیا جائے کم ہے، معرکہ حق نے کشمیریوں پاکستانیوں نے نئی روح پھونک دی ہے، دنیا شاباش دے رہی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شہباز شریف کی قیادت میں نیا حوصلہ ملا ہے، کشمیریوں کے لیے جس قدر کام ہورہا ہے ہے وہ اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔