وزیر توانائی کی سحر وافطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔

وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے سحر وافطار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے جبکہ اس حوالے سے پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کمپنیوں کے لئے ایس او پیز جاری کر دئیے۔

وزارت توانائی کی جانب سے تمام ڈسکوز کو بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے اور تمام ڈسکوز کے سی ای اوز کو کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ہائی لاسز والے علاقوں کو انسداد بجلی چوری مہم کے مطابق ڈیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

پاور ڈویژن کی جانب سے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی سحر وافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ماہ رمضان میں زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کو سحر افطار کے علاوہ اوقات میں ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈسکوز کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاور ڈویژن حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی سحر وافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور لوڈ مینجمنٹ کو سحر افطار کے علاوہ اوقات میں ایڈجسٹ کرنے کے فیصلے کامقصد بقایاجات اور نقصانات میں اضافے کو روکنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہ رمضان، سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی، نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب وزارت پاور ڈویژن کے احکامات کی روشنی میں رمضان المبارک کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے لیسکو ہیڈ کوارٹر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، لیسکو میں کون سا افسر کہا ں پر ڈیوٹی کرے گا ریکارڈ سنو نیوز نے حاصل کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق سحر و افطار کے دوران کنٹرول روم میں افسران کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئیں، چیف انجینئرز، منیجرز اور ڈپٹی منیجرز سحر وافطار کے اوقات میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کی ہدایات پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 18 فروری سے 23 فروری تک سحر میں چیف انجینئر ٹی اینڈ جی اور افطار میں چیف انجینئر پی اینڈ ڈی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، 24 فروری سے 28 فروری تک سحر میں چیف انجینئر پی آئی یو اور افطار میں چیف انجینئر مٹیریل مینجمنٹ ڈیوٹی پر ہوں گے۔

اسی طرح یکم مارچ سے 5مارچ تک سحر میں چیف انجینئر پی اینڈ ڈی اور افطار میں چیف انجینئر ٹی اینڈ جی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، 6 مارچ سے 10 مارچ تک سحر میں چیف انجینئر مٹیرل مینجمنٹ اور افطار میں چیف انجینئر پی آئی یو ڈیوٹی فرائض نبھائیں گے۔

اس کو بھی پڑھیں: رمضان میں 24 گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت

نوٹیفکیشن کے مطابق 11 مارچ سے 15 مارچ تک سحر میں چیف انجینئر ٹی ایس اور افطار میں چیف انجینئر آپریشنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے ، 16 مارچ سے 20 مارچ تک سحر میں چیف انجینئر آپریشنز اور افطار میں چیف انجینئر ٹی ایس ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ایس ای جی ایس او ،ایکسین ایس ایس اینڈ ٹی ساؤتھ اور نارتھ ،ایکسین پی اینڈ آئی ،ایکسین پی ڈی سی، ایس ڈی اوز بھی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے، افسران کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔