عمران خان کی رہائی کیلئے جو بھی کرنا پڑا کریں گے: علیمہ خان
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی رہائی کے لیے ہمیں جو بھی کرنا پڑا کریں گے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی رہائی کے لیے ہمیں جو بھی کرنا پڑا کریں گے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا عوام عمران خان کے بارے میں سننا چاہتے ہیں، عمران خان جیل سےجو بھی پیغام بھیجتے ہیں ہم ان کے ایکس اکاؤنٹ پر ڈالتے ہیں، انہوں نے جو بھی پیغامات بھیجے وہ ایکس پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہدایات بھیجتے ہیں کہ سلمان اکرم راجا کو یہ ہدایات دیں یا عوام کے سامنے بیان کر دیں، ایکس پر موجود بانی کے پیغامات کو سارے پاکستانی پڑھتے ہیں، نیا پاکستان بن چکا ہے، عوام فیصلہ کرتے ہیں کس سمت میں جانا ہے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی پاکستان کا مستقبل ہے، یہ نئی سیاسی سوچ ہے اور پرانی سیاست کو نوجوان قیادت نے دفن کر دیا ہے، نئی جنریشن کو سیاست میں آگے آتا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی تمام جمہوری قوتوں کو نئے میثاق جمہوریت کی دعوت

انہوں نے کہا کہ یہ خام خیالی تھی کہ کراچی میں بہت خوف ہے،کراچی میں بالکل خوف نہیں ہے، سہیل آفریدی کراچی کے خوف کے بت توڑ کر آئے ہیں، اس طرح کے دلیر نوجوان ہمارے پاکستان کی سیاست کا مستقبل ہوں گے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا کیا سسٹم ہے، وہ تو کمپنیاں ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں چھوٹے سے چھوٹا افسر بلٹ پروف گاڑی کے بغیر باہر نہیں نکلتا لیکن سہیل آفریدی نے سارا وقت گاڑی کے اوپر بیٹھ کر گزارا اس کا مطلب ہے کراچی کے لوگ پرامن ہیں۔

انہوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس لیے کھڑے ہیں کہ آپ کو پتا ہے عوام عمران خان کے بارے میں سننا چاہتے ہیں، ان کی رہائی کے لیے جو کرنا پڑا وہ ہم کریں گے، ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔

اس کو بھی پڑھیں: علیمہ خان کی کارکنان کو اڈیالہ کے باہر ختم قرآن میں شرکت کی دعوت

اس دوران صحافی نے علیمہ خان سے مکالمہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب آپ کی گرفتاری نہیں ہو رہی تھی اس وقت بھی یہی کنفوژن تھی کہ آپ کے ساتھ طاقتور لوگ ہیں، آپ نے وزیر اعلیٰ کو تبدیل کروا دیا، جس پر علیمہ خان نے استفسار کیا کہ آپ کو کس نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ تبدیل کروایا۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کیا آپ سب انتظار نہیں کرتے کہ عمران خان کیا ہدایات دیں گے، آپ کیا بتانا چاہتے ہیں کہ بانی سوچ نہیں سکتے فیصلہ نہیں کرسکتے، عمران خان بڑے مضبوط انسان ہیں ، ان سے جو آخری ملاقات ہوئی اس میں انہوں نے پیغام میں سہیل آفریدی کو کہا ہے تیاری کرو اور اسٹریٹ موومنٹ شروع کرو۔