پی ٹی آئی کی تمام جمہوری قوتوں کو نئے میثاق جمہوریت کی دعوت
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو نئے میثاقِ جمہوریت کی دعوت دے دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو نئے میثاقِ جمہوریت کی دعوت دے دی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی شریک ہوئے، پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں متفقہ قرار داد بھی منظور کی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ بےبنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے ، سابق وزیراعظم عمران خان سے اہلخانہ اور وکلاء کی ملاقاتیں بحال کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ ایکسائز کا عمران خان کے نام کی نمبر پلیٹ کی نیلامی کا اعلان

قرارداد میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دورے کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور سندھ حکومت کی جانب سے رکاوٹیں حائل کرنے کی سخت مذمت کی گئی۔

متفقہ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک اس وقت ایک نہایت نازک اور مشکل سیاسی دور سے گزر رہا ہے، ملک کی تمام جمہوری قوتوں سے مطالبہ ہےکہ ایک نئے میثاقِ جمہوریت پر متفق ہوں۔

قرارداد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تشکیلِ نو کی جائے جس پر تمام فریقین کا اتفاق ہو، جبکہ شفاف، آزادانہ و منصفانہ نئے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے، سیاسی قیدیوں کے ساتھ انصاف اور قانونی برابری کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کے قائدین کے دورۂ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی جانب سے بلائے گئے امن جرگہ کے اعلامیے کو من وعن تسلیم کیا جائے اور اعلامیے پر فوری و مؤثر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔