سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نجی ٹی وی پروگرام میں شریک تھے جہاں وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان کی پرواہ ہے، ہمارا دل روتا ہے عمران خان گزشتہ تین سال سے پابند سلاسل ہیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ اس کے مستحق نہیں ہیں، عمران خان بہت بڑا آدمی ہے۔
خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری ، عمران اسماعیل اور محمود مولوی نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے نام سے اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کی تحریک بھی چلا رہے ہیں، گزشتہ دنوں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ ایکسائز کا عمران خان کے نام کی نمبر پلیٹ کی نیلامی کا اعلان
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر پاکستان، نواز شریف اور وزیر اعظم پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے، کمیٹی سیاسی قیدیوں کے ساتھ مل کر ڈائیلاگ کمیٹی کو بڑھائے۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کرے، خواتین سیاسی ورکروں کو فوری طور پر بحال کیا جائے، سیاسی کارکنان کی رہائی کے بعد حکومت پر مذاکرات کا اعتماد بڑھے گا۔
اس کو بھی پڑھیں: یاسمین راشد کا سزاؤں کیخلاف عدالت سے رجوع
علاوہ ازیں فواد چودھری نے لاہور بار الیکشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہم صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے، پی ٹی آئی کے قید رہنماؤں اور خواتین کو رہا کروانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
دو روز قبل ایک اور بیان میں فواد چودھری نے کہا تھا کہ میاں نواز شریف کا 50 برس کا سیاسی کیریئر ہے ، میاں نوازشریف سیاسی ہیجان کے حل کیلئے اہم کردار ادا کریں۔