خیبرپختونخواکے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اشتہار کے ذریعے من پسند نمبر پلیٹس کی نیلامی کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں جبکہ عمران خان ون اور عمران خان 804 سمیت دیگر من پسند ناموں کی نمبر پلیٹوں کے لیے بولی کی بنیادی قیمت دس لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
اشتہار میں دی گئی معلومات کے مطابق خلیل ون، ارباب ون، خان ون، درانی ون، گنڈاپور ون، کنڈی ون، آفریدی ون، یوسفزئی ون، سواتی ون، وزیر ون، محسود ون، خٹک ون، مہمند ون، پشاور ون، ملاکنڈ ون، ایبٹ آباد ون، کوہاٹ ون کے نمبرز بولی کے لیے دستیاب ہیں۔
اسی طرح بنوں ون، ڈی آئی خان ون، ہزارہ ون، مردان ون، صوابی ون، ہری پور ون، عمران خان ون اور عمران خان 804 کی نمبرز پلیٹس چوائس نمبرز میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نو مئی واقعات میں سہیل آفریدی کی موجودگی کی تصدیق
اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ بولی میں شامل ہونے کے خواہشمندوں کو نیلامی میں شرکت سے قبل ایک لاکھ روپے کا سکیورٹی ڈیپازٹ جمع کرانا ہو گا جبکہ کامیابی بولی دہندہ نیلامی کے موقع پر کراس چیک کے ذریعے مکمل رقم فوری ادا کرنے کا پابند ہو گا۔
محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے مطابق من پسند نمبر پلیٹوں کی نیلامی 27 جنوری 2026 کو نشتر ہال پشاور میں دوپہر 12 بجے منعقد کی جائے گی، من پسند نمبر صرف فور ویلز پرائیویٹ گاڑیوں کے لیے مخصوص ہیں، ان کا اطلاق کمرشل گاڑیوں پر نہیں ہو گا۔
اس کو بھی پڑھیں: کس کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ سامنے آ گیا
اگر کوئی خواہشمند امیدوار مذکورہ نمبر پلیٹس کے علاوہ کسی پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک کا خواہاں ہے تو وہ 26 جنوری تک متعلقہ دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے تاکہ متعلقہ کمیٹی کی منظوری سے آئندہ مراحل میں ہونے والی نیلامی میں ایسے نمبروں کو شامل کیا جا سکے۔