انڈونیشیا میں پاکستانی طلبہ کے لیے سنہری موقع
Indonesia scholarship for Pakistani students
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): اعلی تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے انڈونیشیا کی معروف یونیورسٹی نے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔

انڈونیشیا کی نامور یونیورسٹی محمدیہ سوراکرتا (یو ایم ایس) نے پاکستانی طلبہ کے لیے انٹرنیشنل  پرائیورٹی اسکالرشپ (آئی پی ایس) 2026 متعارف کرا دی ہے جس کے تحت انڈرگریجوایٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو مکمل مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسکالرشپ میں تعلیمی فیس، ماہانہ رہائشی وظیفہ، کتب کے اخراجات، صحت بیمہ، ویزا فیس اور تعلیم مکمل ہونے کے بعد واپسی کا ہوائی ٹکٹ بھی شامل ہے، اس اسکیم کا مقصد ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان کے باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آکسفورڈ اسکالرشپ کے لیے کیسے درخواست دیں؟ جانیے

انڈر گریجویٹ پروگرام کے لیے انٹرمیڈیٹ جبکہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لیے متعلقہ ڈگری اور انگریزی زبان میں مہارت لازمی قرار دی گئی ہے، منتخب طلبہ کو ایک سالہ مفت انڈونیشین زبان کا کورس بھی کروایا جائے گا تاکہ تعلیمی اور سماجی ماحول سے ہم آہنگی میں آسانی ہو۔

یہ تعلیمی پروگرام ستمبر 2026 سے شروع ہوگا جس کا دورانیہ بیچلرز کے لیے 8، ماسٹرز کے لیے 4 اور پی ایچ ڈی کے لیے 6 سمسٹرز پر مشتمل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور یو اے ای میں پری امیگریشن کلیئرنس معاہدے پر اتفاق

یونیورسٹی ملکی اور غیر ملکی طلبہ کو جدید تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔

علاوہ ازیں، اسکالرشپ کے لیے درخواستیں 15 مئی 2026 تک آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ طلبہ کے لیے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اہم ہے کہ وہ بروقت اپنی دستاویزات مکمل کریں اور اپنا فارم جمع کروائے۔