بلوچستان میں 4 ہزاراسکول اساتذہ کی بھرتی کا اعلان
Balochistan education
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی کو پورا کرنے کے لیے نئی بھرتیوں کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی انتظامیہ نے اپنے اکیڈمک ایکسیلنس پروگرام کے تحت عارضی بنیادوں پر4ہزاراساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سیکریٹری تعلیم اسفندیار خان کاکڑ نے کہا کہ یہ بھرتی مہم بنیادی مضامین میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے ہے خاص طور پر انگریزی، ریاضی اور سائنس جہاں صوبے بھر کے اسکولوں کو شدید قلت کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شدید دھند سے موٹرویز بند، نظامِ زندگی مفلوج

انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں ان اہم مضامین کے اساتذہ کی کمی اس وقت 70 سے 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت نے 4ہزار اساتذہ کی بھرتی کی منظوری کے لیے ایک سمری تیار کی ہے۔

کاکڑ کے مطابق یہ تقرریاں گریڈ 17 میں عارضی بنیادوں پر کی جائیں گی اور حکام کو توقع ہے کہ اس اقدام سے تدریسی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور سرکاری اسکولوں میں تعلیمی نتائج بہتر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

سیکریٹری تعلیم نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے حال ہی میں ہزاروں غیر فعال اسکول دوبارہ فعال کیے ہیں جو اساتذہ کی کمی یا غیر حاضری کے باعث بند پڑے تھے، ان کے مطابق نئی بھرتیوں کا منصوبہ صوبے کے تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔