شدید دھند سے موٹرویز بند، نظامِ زندگی مفلوج
Motorways closed in Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری خون جما دینے والی سردی کی لہر نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔

شدید سردی اور گھنی دھند کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے، جبکہ مختلف موٹرویز پر ٹریفک بھی معطل کر دی گئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائی رہی، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی۔

موٹروے پولیس کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت موٹرویز کے متعدد سیکشنز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک، ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند ہے، جبکہ 4 فور شیر شاہ سے فیصل آباد تک ٹریفک معطل رہی۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بھی گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

سرد ترین علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کہیں نیچے چلا گیا، سکردو میں پارہ منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، آزاد کشمیر کی وادی لیح میں منفی 13 جبکہ استور میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس سے شدید سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:16 جنوری تک سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق آج گلگت بلتستان اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔

ماہر موسمیات کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، گرم لباس کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔