وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ سرکاری دستاویزات کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 40 سے لے کر 590 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ملک میں سب سے زیادہ ہو کر 2 ہزار 893 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی۔
اسی طرح راولپنڈی میں آٹے کا تھیلا 2 ہزار 866 روپے 47 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ پشاور میں قیمت 2 ہزار 850 روپے تک جا پہنچی ہے۔ بنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 800 روپے، کوئٹہ میں 2 ہزار 660 روپے اور کراچی میں 2 ہزار 600 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ اضافہ سرگودھا میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 590 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا۔ ملتان میں 226 روپے 66 پیسے، خضدار میں 200 روپے، بہاولپور میں 163 روپے 33 پیسے اور کوئٹہ میں 140 روپے اضافہ دیکھا گیا۔ گوجرانوالہ میں قیمت 134 روپے بڑھی، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 120 روپے تک اضافہ ریکارڈ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی
اسی طرح کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ سامنے آیا، حیدرآباد اور سیالکوٹ میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے جبکہ لاہور میں 40 روپے تک قیمت بڑھ گئی ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اس ہوشربا اضافے نے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات دوگنی کر دی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ درہم برہم کر دیا ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔