عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی
Petrol price drop
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے آنے والے دنوں میں عوام کو ریلیف ملنے کی امید پیدا ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی فی بیرل قیمت میں 2 ڈالر 74 سینٹ کمی ہوئی ہے، جس کے بعد قیمت 69.27 ڈالر سے کم ہو کر 66.54 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

پیٹرول پریمیم میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد فی بیرل 13 سینٹ کمی ریکارڈ کی گئی، جو اب 5 ڈالر 14 سینٹ سے کم ہو کر 5 ڈالر 1 سینٹ ہو گیا۔ اسی طرح پیٹرول پر فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی میں 72 پیسے کمی کی گئی، جبکہ ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 68 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں مجموعی طور پر 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی، جس کے بعد قیمت 145 روپے 57 پیسے سے کم ہو کر 139 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس کمی کو ملکی سطح پر قیمتوں میں کمی کی ایک اہم بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سود سے پاک آسان اقساط پر ہونڈا CG 150 موٹر سائیکل حاصل کریں

دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی، ڈیزل کی فی بیرل قیمت 2 ڈالر 33 سینٹ کم ہو کر 76.32 ڈالر سے 73.99 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی میں 80 پیسے اور ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 35 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔

ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 5 روپے 33 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 149 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ قیمتوں میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی آ سکتی ہے۔