حکومت کا بیرون ملک نوکری کے خواہشمند کی مالی معاونت کا اعلان
پنجاب حکومت نے بیرون ملک نوکر کے خواہشمند نوجوانوں کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے بیرون ملک نوکر کے خواہشمند نوجوانوں کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت بیرون ملک نوکری کرنے والے خواہشمند ایک لاکھ افراد کے لئے بلا سود مالی معاونت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ وہ بیرونِ ملک جا کر اپنے روزگار کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔

اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے لیے اہلیت کا معیار یہ ہے کہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہوں، ان کا ڈومیسائل پنجاب کا ہو ، بیرون ملک سے مستند جاب آفر رکھنے والے افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بصارت سے محروم طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

پروگرام کے تحت اہل افراد کو بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا جس سے وہ سفری اخراجات اور دیگر ضروریات پوری کر سکیں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق "پرواز کارڈ پروگرام" کے ذریعے صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو معاشی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی، اس اقدام کا مقصد نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ ترسیلاتِ زر میں اضافے کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانا بھی ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: گیس کس دن بند رہے گی، شیڈول سامنے آگیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر عملدرآمد جلد شروع کیا جائے گا اور اس کے لیے شفاف درخواست اور منظوری کا نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ مالی معاونت صرف مستحق اور اہل امیدواروں تک پہنچ سکے۔ 

پروگرام کی مزید تفصیلات کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔