اس اسکیم کا مقصد خصوصی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت صوبے بھر کے نابینا اور بصارت سے محروم طلبہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
محکمہ سماجی بہبود کے مطابق وہ تمام طلبہ جو کسی تسلیم شدہ کالج، جامعہ یا دینی مدرسے میں زیرِ تعلیم ہیں، اس اسکیم کے اہل ہوں گے۔ شرط یہ ہے کہ درخواست گزار خیبرپختونخوا کا مستقل رہائشی ہو اور اس کے پاس محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے جاری کردہ معذوری سرٹیفکیٹ موجود ہو۔
درخواست دینے کیلئے طلبہ کو محکمہ سماجی بہبود کے آن لائن ایم آئی ایس فارم کے ذریعے اپنی درخواست جمع کروانا ہوگی۔ آن لائن درخواست کا عمل نہایت آسان رکھا گیا ہے تاکہ خصوصی طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ سماجی بہبود کے حکام کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ میرٹ اور دستیاب فنڈز کی بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے، تعلیم یافتہ اور ہنرمند طلبہ کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے بلکہ بصارت سے محروم طلبہ کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گھر بیٹھے نادرا ریکارڈ تبدیل کرانے کی سہولت متعارف
اہل طلبہ اپنی درخواستیں محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا کی سرکاری ویب سائٹ www.swkpk.gov.pk پر جا کر جمع کرا سکتے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر درست معلومات کے ساتھ درخواست جمع کروائیں تاکہ اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔