بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے نیا ضابطہ کار جاری
وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے نیا ضابطہ کار جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے نیا ضابطہ کار جاری کر دیا۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 118 سمارٹ کال سینٹر کو صارفین کیلئے ون ونڈو سروس قرار دے دیا گیا ہے، 5 ماہ میں 118 پر 20 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں، 118 پر موصول 96 فیصد سے زائد کالز کامیابی سے ہینڈل کی گئیں۔

حکام کے مطابق بجلی صارفین کی 24 لاکھ سے زائد شکایات درج ہوئیں،99.49 فیصد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا، لیسکو میں سب سے زیادہ 10 لاکھ سے زائد شکایات درج ہوئیں، میپکو میں 6 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا، فیسکو اور گیپکو کی کارکردگی بھی 99 فیصد سے زائد رہی۔

پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے ڈسکوز کو 118 سروس عوام میں متعارف کرانے کی ہدایت کی ، وزیر پاور ڈویژن نے پیسکو ، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کے کم شکایات کے اندراج پر نوٹس لیا اور کمپنیوں کو 118 سروس صارفین میں متعارف کرانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر حدِ رفتار میں کمی کر دی گئی

سردار اویس لغاری کا کہنا تھا کہ تمام ڈسکوز کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے، وفاقی وزیر نے لائن سٹاف اور افسران کو شکایات فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے، 118 پلیٹ فارم سے بجلی خدمات میں شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا۔

وزیر پاور ڈویژن نے کہا کہ صارفین بجلی سے متعلق مسائل کیلئے فوری 118 پر رابطہ کریں، ہر ماہ 118 ڈیٹا کی بنیاد پر سب ڈویژنز کی کارکردگی جاری ہو گی،صارفین کی خدمت میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

پاور ڈویژن کے مطابق 118 سروس نے بجلی صارفین کا حکومتی نظام پر اعتماد بڑھایا، صارفین کی شکایات کے ازالے کی شرح 99 فیصد سے تجاوز کر گئی، وفاقی وزیر نے خراب کارکردگی پر ڈسکوز افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، ہر ماہ خراب اور بہترین کارکردگی والے سب ڈویژنز کی نشاندہی ہو گی۔

اویس لغاری کا مزید کہنا تھا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے،118 سروس پاکستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے،حکومت بجلی صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ 

ضرور پڑھیں