نو مئی کیسز کا فیصلہ سنانے والے جج ارشد جاوید کا لاہور سے تبادلہ
سانحہ نو مئی کے کیسز کی سماعت کرنے والے انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی ) کے جج ارشد جاوید کا لاہور سے تبادلہ کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) سانحہ نو مئی کے کیسز کی سماعت کرنے والے انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی ) کے جج ارشد جاوید کا لاہور سے تبادلہ کر دیا گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد جج ارشد جاوید کے ٹرانسفر کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، رجسٹرار لاہو رہائیکورٹ امجد اقبال رانجھا نے ججز کے ٹرانسفر پوسٹنگ کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید کو لاہور سے ٹرانسفر کر کے بہاول نگر میں تعینات کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: یاسمین راشد و دیگر کو 36 برس قید کی سزا

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جاری کردہ نوٹیفکیشن میں اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید کو 9 جنوری کو متعلقہ آفس کا چارج سنبھالنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جج ارشد جاوید 9 مئی 2023 کو مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت دیگر کیسز کی سماعت کر رہے تھے، جج ارشد جاوید نے نو مئی کے تین کیسز کا فیصلہ بھی سنایا تھا۔

اس کو بھی پڑھیں: نو مئی مقدمات، عمران خان کی ضمانت میں توسیع

جج محمد ارشد جاوید نے سانحہ نو مئی کے تین مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اعجاز چودھری اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو سزائیں سنائی تھیں جبکہ عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کو بھی مختلف مقدمات میں سزائیں دی گئی تھیں۔

ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاولنگر آصف بشیر کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، سیشن جج آصف بشیر کو سیشن کورٹ لاہور میں بطور او ایس ڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔