دوست ملک نے پاکستانی طلبا کیلئے ہزاروں سکالرشپس کا اعلان کر دیا
Fudan University scholarships
فاعل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) دوست ملک چین نے پاکستانی طلبا کیلئے سکالرشپس کا اعلان کر دیا، جس کے بعد طلبا کیلئے اعلی تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مطابق چینی اور شنگھائی حکومت کی سکالرشپس کے تحت چین کی عالمی شہرت یافتہ فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کیلئے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی جانب سےجاری کردہ رپورٹس کے مطابق یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر پیش کیا جائے گا، جس کی خاص بات یہ ہے کہ تمام مضامین مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھائے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

ماسٹرز پروگرامز میں فنانس، انٹرنیشنل بزنس، بگ ڈیٹا، سافٹ ویئر انجینئرنگ، چینی سیاست اور صحافت جیسے اہم اور جدید مضامین شامل ہیں، جبکہ پی ایچ ڈی سطح پر فزکس، بایولوجی، ماحولیاتی سائنس، ریاضی، پبلک مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت (AI)  جیسے شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

سکالرشپ کے تحت منتخب ہونے والے طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس میں چھوٹ، یونیورسٹی ہاسٹل میں مفت رہائش، ماہانہ وظیفہ اور طبی انشورنس فراہم کی جائے گی۔ ماسٹرز کے طلبہ کو ماہانہ 3,000 چینی یوان جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کو 3,500 چینی یوان تک وظیفہ دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد، کراچی سے عازمینِ حج روڈ ٹو مکہ کے تحت سعودیہ جائینگے

اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست گزار کا غیر چینی شہری ہونا ضروری ہے، ماسٹرز کیلئے بیچلرز جبکہ پی ایچ ڈی کیلئے ماسٹرز ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے۔ انگریزی زبان کی مہارت کیلئے آئی ای ایل ٹی ایس 6.5 یا مساوی اسناد درکار ہوں گی، تاہم وہ امیدوار جن کی سابقہ تعلیم انگریزی میں رہی ہو، اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے، پی ایچ ڈی امیدواروں کیلئے سپروائزر کی پیشگی رضامندی بھی لازمی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 فروری 2026 ہے، امیدوار تفصیلی معلومات ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں جبکہ آن لائن درخواست فودان یونیورسٹی کے پورٹل کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہے۔