سیاسی جماعتیں مل کر سیاسی مسائل کا حل نکالیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سیاست سیاستدانوں کا کام ہے سیاسی مسائل کا حل سیاسی جماعتیں مل کر نکالیں۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سیاست سیاستدانوں کا کام ہے سیاسی مسائل کا حل سیاسی جماعتیں مل کر نکالیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایک سابق وزیراعظم بااختیار تھا جو آج کہتا ہے میرے پاس اختیارات نہیں تھے، یہ بیان مضحکہ خیز ہے کہ ہم بے اختیار تھے، اس وقت کا وزیراعظم اتنا بااختیار تھا کہ اس نے آرمی چیف کو قوم کا باپ ڈیکلیئر کر دیا، ہم تو سمجھتے ہیں قوم کا ایک ہی باپ ہے اور وہ محمد علی جناح ہیں۔

ترجمان پاک نے کہا کہ ماضی میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی کو سیاست کے لیے استعمال کیا گیا، وہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی آج کہاں ہیں جنہیں اس نے سیاست کے لیے استعمال کیا، ہمیں کسی سے کوئی ہمدردی نہیں ہے، ریاست سے بالاتر کچھ نہیں ہے، آئین کہتا ہے ملکی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کیخلاف جنگ طاقت اور قوت سے لڑی جائیگی، ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی سیاسی جماعت سے کوئی مسئلہ نہیں، ملٹری اور سیاسی لیڈر شپ میں کلیرٹی ہے، ہمارے لیے تمام سیاسی جماعتیں اور صوبے برابر ہیں، ایک لیڈر اپنی جماعت کو آمر کی طرح چلاتا رہا، کسی سیاسی جماعت نے بات چیت کرنی ہے تو حکومت سے کرے، سیاست سیاسی جماعتوں کا کام ہے وہی کوئی حل نکالی گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ قوم پرواضح ہوگیاخیبرپختونخوا حکومت دہشگردی کی جنگ میں کہاں کھڑی ہے، خیبرپختونخوا حکومت جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں بیٹھ کر جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے، لوگوں کو الجھانے کے لیے جھوٹ بولا جا رہا ہے، کہا جا رہا ہے فوج معدنیات اور ڈالرز کے لیے جنگ لڑ رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ڈالرز کےلیے افغان طالبان دہشت گردی کرتے ہیں، صرف تمہارے پاس نہیں پورے پاکستان کے پاس معدنیات ہیں، ریاست چاہتی ہے معدنیات کا فائدہ خیبرپختونخوا کے عوام کو ہو۔

اس کو بھی پڑھیں: پاکستان نے تیمور کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اے این پی،جے یوآئی،پیپلزپارٹی اور ن لیگ پر دہشتگردوں نے حملے کیے، فتنہ الخوارج نے کبھی پی ٹی آئی پرحملہ کیوں نہیں کیا، یہ خود کہہ رہے ہیں ہم فتنہ الخوارج کے منظور نظر بننا چاہتے ہیں، آپ کابل سے بھیک ما نگ رہے ہیں کہ ہمیں سکیورٹی دو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کیلئے موافق ماحول ہے، فوج صرف دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو نشانہ بناتی ہے، یہ کہتے ہیں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کےخلاف آپریشن نہیں کرنے دیں گے، ہم خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں کے حوالے نہیں کرنے دیں گے، پاکستان کی سلامتی کی حفاظت پا ک فوج کا حق ہے۔