پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ نے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا، جس کے دوران میزائل نے تمام تکنیکی اور آپریشنل اہداف کامیابی سے حاصل کیے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اسے جدید جنگی تقاضوں کے عین مطابق بناتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹمز سے لیس ہے اور کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مؤثر انداز میں چکمہ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق کم بلندی پر پرواز کرنے والے کروز میزائل جدید جنگوں میں انتہائی اہم سمجھے جاتے ہیں کیونکہ ان کی بروقت نشاندہی مشکل ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عادل راجہ، حیدر مہدی، وجاہت سعید کو 2، 2 بار عمر قید کی سزا
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر پاک فضائیہ، سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری پاکستان کی قومی صلاحیت، مضبوط عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اس کامیابی سے ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے اور یہ پیشرفت قومی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ تیمور میزائل کا کامیاب تجربہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی ذمہ دارانہ دفاعی پالیسی کو مزید تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کو مقامی وسائل اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پورا کرنے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی اسٹرائیک صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور یہ پاکستان کے دفاعی توازن کو مزید مضبوط بنائے گا، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم عنصر ہے۔