ملک بھر میں بارشیں، موٹروے پر سفر کرنیوالوں کیلئے ایڈوائزری جاری
ملک بھر میں بارشوں کے سلسلے کے تناظر میں موٹروے پولیس نے نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے والوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) ملک بھر میں بارشوں کے سلسلے کے تناظر میں موٹروے پولیس نے نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے والوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔

ترجمان موٹروے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے بارشوں کے باعث روڈ پر پھسلن ہے، روڈ یوزرز دوران سفر احتیاط برتیں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، گاڑی کی رفتار آہستہ رکھیں، وائپر درست حالت میں ہوں۔

موٹروے پولیس ترجمان نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مدد لی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 2 جنوری تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث دھند اور اسموگ کی صورتحال میں کمی آئے گی، تاہم شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور اسموگ سے بچاؤ کیلئے ماسک کا استعمال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری کارروائی کی جا سکے۔

اس کو بھی پڑھیں: پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش کی پیشگوئی

ماہرین موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے شہری اضافی احتیاط کریں، برفباری کے باعث راستے پھسلنے اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ شہری بارش کے دوران محفوظ رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

ادھر ملک کے بالائی علاقوں میں 2 جنوری کو برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے جس سے سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔