پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش کی پیشگوئی
Punjab rain forecast
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں اور پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2 جنوری کو پنجاب کے پہاڑی علاقوں، خاص طور پر راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔

میدانی علاقوں میں لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں صبح سے ہی کالے بادل چھائے ہوئے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی ابتدا متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے باعث دھند اور اسموگ کی صورتحال میں کمی آئے گی، تاہم شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور اسموگ سے بچاؤ کیلئے ماسک کا استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: 68 ہزار امریکی ڈالرز میں کشمیری مارخور کا شکار

 

 

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری کارروائی کی جا سکے۔

ماہرین موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے شہری اضافی احتیاط کریں، برفباری کے باعث راستے پھسلنے اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ شہری بارش کے دوران محفوظ رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔