حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا، فی یونٹ قیمت میں اضافہ
مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر حکومت نے ایک اور بجلی بم گرا دیا، نیپرا نے ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر حکومت نے ایک اور بجلی بم گرا دیا، نیپرا نے ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے بعد ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید ایک روپے 63 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ جنوری کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین سے مارچ کے بلوں میں اضافی وصولی کی جائے گی اور اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: نئی سولر پالیسی، صارفین میں خدشات بڑھ گئے

نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر سماعت کے بعد بجلی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یاد رہے کہ نیپرا نے گزشتہ روز سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی مہنگی کی تھی، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 35 پیسے یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔ 

ضرور پڑھیں