محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 29 دسمبر کی رات ملک میں داخل ہوگا جو کئی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھانے کا سبب بنے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 دسمبر سے 02 جنوری کے دوران پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہو جائے گا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک مسائل کا بھی خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کی شدت میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موٹر ویز اور شاہراہوں پر حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
29 دسمبر سے 31 دسمبر کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ 30 دسمبر کے روز سندھ کے بعض حصوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور بدین میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جس سے موسم قدرے سرد ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:راجا ثاقب مجید اور بریگیڈیئر (ر) محمد خان مسلم لیگ ن میں شامل
خیبر پختونخوا میں 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسی طرح 30 دسمبر سے 02 جنوری کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری کا امکان ہے۔