وزارتِ اوورسیز پاکستانیوں کے مطابق، اٹلی نے آئندہ تین سال کے لیے پاکستان کو ملازمتوں کا کوٹہ دیا ہے،اگلے تین برسوں کے دوران ہر سال 3,500 پاکستانی روزگار کے لیے اٹلی جائیں گے۔
ان میں سے 1,500 افراد موسمی (سیزنل) کوٹے کے تحت جبکہ 2,000 افراد غیر موسمی (نان سیزنل) کوٹے کے تحت اٹلی جائیں گے۔
پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپیٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں ملازمتوں کا کوٹہ دیا گیا ہے۔
وزارتِ اوورسیز پاکستانیوں کے مطابق، پاکستانیوں کو ویلڈنگ، ٹیکنیشنز، شیفس، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشنز اور زراعت کے شعبوں میں روزگار ملے گا۔
اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودیہ میں کام کرنیوالے پاکستانی ملازمین کیلئے خوشخبری
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
اٹلی کی جانب سے پاکستان کے لیے ملازمتوں کے کوٹے کی منظوری ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت دنیا بھر میں اپنے محنت کشوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیروں کا کردار ادا کر رہے ہیں اور قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور جلد ہی مزید یورپی ممالک میں بھی پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع کے دروازے کھلیں گے۔