دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام سمیت مسلم لیگ ن کی مرکزی اور آزاد کشمیر کی سینیئر قیادت بھی موجود تھی۔
پارٹی قیادت نے دونوں رہنماؤں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں ایک بار پھر مضبوط سیاسی قوت بن کر ابھر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راجا ثاقب مجید آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے اہم حلقہ نمبر پانچ کھاوڑہ سے تعلق رکھتے ہیں، جو سیاسی لحاظ سے نہایت حساس اور فیصلہ کن حلقہ سمجھا جاتا ہے۔
اس حلقے سے اس وقت قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر رکن اسمبلی ہیں، راجا ثاقب مجید ماضی میں مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر تین مرتبہ انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں تاہم وہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
حلقہ کھاوڑہ میں مسلم لیگ ن کے دیگر مضبوط امیدواروں میں سابق وزیر حکومت راجا عبدالقیوم، سابق ٹکٹ ہولڈر راجا ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق راجا عبدالقیوم نے پارٹی قیادت کے سامنے اپنی سیاسی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ٹکٹ کیلئے بھرپور دعویٰ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:بند کمرہ فیصلوں سے معیشت تباہی کی طرف جا رہی: سہیل آفریدی
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ راجا ثاقب مجید کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پارٹی کیلئے تقویت کا باعث ہے، تاہم اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی مضبوط سیاسی گرفت کے باعث اس حلقے میں مقابلہ انتہائی سخت ہوگا۔
دوسری جانب بریگیڈیئر (ر) محمد خان کا تعلق آزاد کشمیر کے حلقہ وسطی باغ سے ہے، جہاں مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما راجا مشتاق منہاس ماضی میں وزیر اطلاعات اور ٹکٹ ہولڈر رہ چکے ہیں۔ 2016 کے انتخابات میں مشتاق منہاس کامیاب ہوئے تھے، تاہم 2021 میں انہیں پی ٹی آئی کے سردار تنویر الیاس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعد ازاں ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے ضیا القمر نے کامیابی حاصل کی۔