سلمان خان کی آنے والی فلم بیٹل آف گلوان کا ٹیزر27 دسمبر کو جاری کیا گیا جس میں اداکار کو بھارتی فوجی افسر کے کردار میں دکھایا گیا ہے، یہ فلم 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان گلوان وادی میں پیش آنے والی سرحدی جھڑپوں پر مبنی ہے۔
ٹیزر سلمان خان کی سالگرہ پر ریلیز کیا گیا ہے جسے اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا، ٹیزر سامنے آتے ہی چین کے سرکاری میڈیا ادارے گلوبل ٹائمز نے فلم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس میں حقائق کو درست انداز میں نہیں پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی پاپ گلوکارہ ارب پتیوں کی صف میں شامل
گلوبل ٹائمز کے مطابق چینی ماہرین کا موقف ہے کہ فلم یا ڈرامہ خواہ کتنا ہی مبالغہ آمیز کیوں نہ ہو اس سے کسی ملک کی سرحدی حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی، چینی میڈیا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تاریخی اور سیاسی معاملات کو تفریح کے نام پر پیش کرتے وقت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ گلوان وادی کے واقعے کے بعد بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب فوجی سرگرمیاں اور نگرانی سخت کردی گئی تھیں۔
فلم سازوں کے مطابق بیٹل آف گلوان 17 اپریل 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جبکہ ٹیزر نے ریلیز سے قبل ہی خطے میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔