نئے سال کے پہلے روز عالمی و ملکی بازاروں میں سونا ہزاروں روپے سستا
نیا سال جہاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں تیزی جیسی خبریں لے کر آیا ہے وہیں عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمتوں میں بھی کمی آگئی۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) نیا سال جہاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں تیزی جیسی خبریں لے کر آیا ہے وہیں عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمتوں میں بھی کمی آگئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں آج 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 400 روپے کی کمی آگئی جس کے بعد ملکی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کا بھاؤ 4 لاکھ 56 ہزار 962 روپے سے کم ہو کر 4 لاکھ 54 ہزار 562 روپے ہو گیا۔

جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، پاکستان میں 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 58 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 91 ہزار 771 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 89 ہزار 713 روپے ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں اچانک ہزاروں روپے کی کمی

دوسری جانب بین الاقوامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کے نرخوں میں 24 ڈالر فی اونس کی کمی ہوئی جس کے بعد عالمی صرافہ بازاروں میں فی اونس سونا 4 ہزار 346 ڈالر سے کم ہو کر 4 ہزار 322 ڈالر کا ہو گیا۔

دریں اثنا فی تولہ چاندی کی قیمت 83 روپے کی کمی سے 7 ہزار 635 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 71 روپے کی کمی سے 6 ہزار 545 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں: سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی

یاد رہے کہ گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد ملکی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 56 ہزار 962 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 91 ہزار 771 روپے کی سطح پر آ گئی تھی۔