پاکستان اپنے وقار اور آزادی کی حفاظت ہر قیمت پر کرے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات ( آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے وقار اور آزادی کی حفاظت ہر قیمت پر کرے گا۔
فوٹو سکرین گریب
راولپنڈی: (سنو نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات ( آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے وقار اور آزادی کی حفاظت ہر قیمت پر کرے گا۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بین الاقوامی میڈیا نمائندگان کے ساتھ پریس کانفرنس کی جس میں پاک فضائیہ اور پاکستان نیوی کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چودھری کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ کےفوری بعدبھارت نے اس کاالزام پاکستان پرلگادیا، پہلگام واقعہ دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، واقعہ کے10 منٹ بعد 2 بج کر 30 منٹ پرایف آئی آردرج کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کے فوری بعد بھارتی میڈیا نے کہنا شروع کردیا کہ حملےمیں پاکستان ملوث ہے،10منٹ کے اندران لوگوں نے پتہ کرایا کہ حملے میں کون ملوث ہے، ایف آئی آرمیں پاکستان پرالزام لگایا گیا جبکہ اس کے کوئی ثبوت نہیں۔

ترجمان پاک فوج نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے الزامات پیش کر دیئے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کےسکیورٹی پرسوالات میڈیا پر پیش کر دیئے، بھارتی سیاستدانوں نے بھی پہلگام واقعے کے بعد سکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے۔

بھارتی شہری پہلگام واقعہ میں بھارتی فوج کے مشکوک کردار پر پھٹ پڑے، ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چودھری نے ویڈیوز پیش کردیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کیجانب سے پاکستان پر الزامات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پیش کی گئی ویڈیوز میں مقبوضہ کشمیر کے شہریوں نے سوال اٹھایا کہ دہشت گردآئےحملہ کر کے چلے گئے،بھارتی فوج کہاں تھی؟

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ حیران کن ہے10منٹ میں پولیس پہنچی، تحقیقات کرلی اورالزام بھی لگا دیا، پہلگام واقعہ پربھارتی حکومت کےدعوؤں پران کے ہی عوام کی تنقید کر رہے ہیں، مودی سرکار کے پاس بھارتی عوام کے سوالوں کے جواب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بھارت کوپیشکش کی کہ ثبوت ہیں توسامنے لائے، حکومت پاکستان نے بھارت کو تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی،پاکستان نے کہاکوئی تیسرا فریق تحقیقات کرلے،بھارت کوجج بننےکاحق نہیں، بھارت کےپاس کوئی ثبوت اورجواز نہیں تھا اس لیے جارحیت شروع کردی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پرالزامات لگاتا ہے، بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑمیں کشمیری مسلمانوں کو کچلنا شروع کردیا، بھارت کی تاریخ رہی ہے سیاسی مقاصد کیلئے ایسے اقدامات کرتا رہا ہے، ماضی میں کلنٹن کے دورہ بھارت کے موقع پر سکھوں کو قتل کیا گیا تھا۔

اس کو بھی پڑھیں: پاکستان جب بھارت پر حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو پتا چلے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پلوامہ واقعہ سےمتعلق بھی پاکستان نے واضح مؤقف اپنایا تھا، پاکستان نے واضح کہا تھا پلوامہ واقعہ بھی فالس فلیگ آپریشن ہے، پلوامہ واقعہ پر بھارتی جنرل نے بتایا الزام پاکستان پر لگانے کیلئے 5 کشمیریوں کا جعلی ان کاؤنٹر کیا گیا، بھارتی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل کا انٹرویو بھارتی چہرے کا واضح ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں کے اس وقت کے گورنر نے پلوامہ واقعہ کابھی پول کھول دیا تھا، جموں کے سابق گورنر نے بتایا تھا کہ پاکستان پرالزام لگاکرسیاسی مقاصد حاصل کرناتھے، بھارت آج بھی وہی کر رہا ہے جوپہلے کیا، وہی کہانی گھڑی جارہی ہے،بھارت بے بنیاد الزام کی بنیاد جارحیت کررہا ہے اسے اب بند ہونا چاہیے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت جھوٹے دعوؤں کی بنیادپرملٹری ایکشن کررہاہے،اسے بند ہوناچاہیے،مودی سرکار نے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پرحملہ کیا، بھارت بچوں، خواتین اورعام شہریوں کونشانہ بنا رہا ہے، پاکستان اپنے وقاراورآزادی کی حفاظت ہرقیمت پرکرے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشتگردی کےو اقعات میں ملوث ہے، بھارت پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارت فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشتگرد گروپوں کو معاونت فراہم کررہا ہے، پہلگام واقعہ سے پہلے بھارتی جاسوس کو جہلم سے گرفتار کیا گیا جس سے الیکٹرانک آلات اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ٹیلیفون کال میں بھارتی ایجنسی کے افسر نے تسلیم کیا کہ وہ پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی کے اہلکار دہشتگردوں کو عوامی مقامات پر حملوں کا کہتے ہیں، پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی سلامتی اور خودمختاری کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان میں حملہ کر کے معصوم بچوں کو شہید کیا، بھارتی حملوں میں معصوم بچوں کی شہادتوں پر بھارت میں جشن منایا گیا، بھارت نے بہاولپور حملے میں مسجد اور قرآن پاک کو شہید کیا، پاکستان نے بھارتی حملوں کے جواب میں صرف دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی حملے کے وقت پاکستان کی فضائی حدود میں متعدد مسافر جہاز تھے، بھارت نے پاکستان اور غیر ملکی ایئرلائنز کے مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں، بھارت نے ڈرون حملوں کے ذریعے مذہبی عبادتگاہوں کو بھی نشانہ بنایا ، بھارت نے پاکستان پر لانگ رینج میزائلوں سے حملہ کیا۔