
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی حملے کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے، پاکستان بھارت سے آنے والی ہر چیز کو مانیٹر کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے امرتسر میں خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارت کے 15 مقامات پر پاکستانی حملوں کی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے، پاکستان جب حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو پتا چلے گا، جب پاکستان حملہ کرے گا تو نظر بھی آئے گا اس کی گونج بھی سنائی دے گی، جب پاکستان حملہ کرے گا تو بھارتی میڈیا نہیں بتائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں کب آئے گا؟ بھارت جنگی جنون کو ہوا دینے سے گریز کرے، بھارت دنیا کو بیوقوف بنانا بند کرے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی مؤثر کارروائی، 12 بھارتی ڈرونز مار گرائے، آئی ایس پی آر
قبل ازیں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی حملوں کے نتیجے میں 31 پاکستانی شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان نے بھارتی پنجاب میں شہریوں پر کوئی حملہ نہیں کیا، پاکستان میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے، پاکستانی فوج نے بہادری سے 5 بھارتی طیارے مار گرائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر حملہ کر کے بھارت نے پاکستانی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈالی، بھارت نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا ، پاکستانی شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، افواج پاکستان دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔
اسحا ق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے 5 طیاروں کی تباہی ہضم نہیں ہو رہی، بھارت کے پاس سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی قانونی گنجائش نہیں، پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں نے کامیابی سے 80 بھارتی جہازوں کا مقابلہ کیا، بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔