شیما کرمانی سندھ سالڈ ویسٹ کی مہم "صفائی کے سفیر "کا حصہ بن گئیں
اپنے ویڈیو پیغام میں شیما کرمانی نے کہا کہ خوبصورت شہر کسی قوم کی شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کراچی کو پاکستان کا دل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شہر کی زندگی اور رونق کا دارومدار صاف اور صحت مند ماحول پر ہے، مؤثر کچرا انتظام کسی ایک ادارے کے بس کی بات نہیں بلکہ ہر شہری کو صفائی برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔
شیما کرمانی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کچرا ذمہ داری سے ٹھکانے لگائیں، جہاں ممکن ہو کچرے کی پیداوار کم کریں اور قابلِ استعمال و قابلِ ری سائیکل مواد کو دوبارہ استعمال اور ری سائیکل کرنے کے رجحان کو فروغ دیں تاکہ ایک صاف، صحت مند اور بہتر شہر تعمیر کیا جا سکے۔
کراچی کی خوبصورتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری، سماجی کارکن شیما کرمانی نے عوام سے اپیل کر دی pic.twitter.com/WOAehQnSU2
— Usman Shani (@US11954) June 30, 2026
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے شیما کرمانی کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی پائیدار کچرا انتظام کے مضبوط ترین ستونوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ فن، ثقافت اور سماجی ترقی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی معتبر آوازیں عوامی رویوں پر اثر انداز ہونے اور دیرپا مثبت تبدیلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'صفائی کے سفیر'، کراچی میں صفائی کیلئے خصوصی مہم کا آغاز
طارق علی نظامانی نے امید ظاہر کی کہ شیما کرمانی کا پیغام مزید شہریوں کو یہ سمجھنے کی ترغیب دے گا کہ صفائی ایک مشترکہ شہری ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ "صفائی کے سفیر" مہم سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سماجی آگاہی اقدام کا حصہ ہے، جس کا مقصد کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام کو فروغ دینا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات کے تعاون سے شہریوں کو صاف ستھری عادات اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔