مشہور ٹک ٹاکر بلال مارتھ ساتھیوں سمیت گرفتار

Bilal Marth Arrest
فائل فوٹو
Updated | Published June, 7 2026 |
منڈی بہاؤالدین:(ویب ڈیسک) مشہور ٹک ٹاکر بلال مارتھ کو سات ساتھیوں سمیت سرعام اسلحہ کی نمائش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کارروائی کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے ایک مقامی میرج ہال میں شادی کی تقریب کے دوران چھاپہ مار کر کی۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان شادی کی تقریب میں کلاشنکوف نما رائفلز اور پستولوں سے مسلح ہو کر شریک ہوئے تھے اور اسلحے کی سرعام نمائش کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر سی سی ڈی کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد موقع پر اپنے ساتھ موجود اسلحے کے لائسنس یا کسی بھی قسم کی قانونی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔

حکام نے بتایا کہ برآمد ہونے والا اسلحہ لوڈڈ تھا، جس سے کسی بھی وقت سنگین حادثے یا جانی نقصان کا خدشہ موجود تھا۔

سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد شادی ہال کے مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، کیونکہ تقریب کے دوران اسلحے کی موجودگی اور استعمال پر مؤثر نگرانی نہیں کی گئی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان کو اسلحہ فراہم کرنے والوں کی بھی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ابتدائی تحقیقات کے بعد 8 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مشہور ٹک ٹاکر ندیم عرف نانی والا کیخلاف مقدمہ درج

سی سی ڈی حکام نے کہا ہے کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔