عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہوگیا
عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں اضافے کی توقع اور چین میں ریفائنریوں کی پیداوار میں کمی کو قیمتوں میں گراوٹ کی بڑی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیر کے روز برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 54 سینٹ یعنی 0.6 فیصد کمی کے بعد 95.30 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 22 سینٹ یعنی 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 88.34 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
مشرق وسطیٰ سے آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب بحال ہونے اور چین میں خام تیل کی طلب کم ہونے کے اشاروں نے عالمی مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں عالمی سطح پر تیل کی سپلائی یومیہ 10 کروڑ 50 لاکھ بیرل تک پہنچ سکتی ہے، جو متوقع طلب سے 17 لاکھ بیرل زیادہ ہوگی۔
ایجنسی کے مطابق مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات میں بحالی عالمی طلب میں اضافے کی رفتار سے زیادہ ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں اضافی سپلائی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں طلب کے مقابلے میں تیل کی سپلائی زیادہ رہی تو آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔